پاکستانی سرزمین کو امریکی مذموم  اور پلید مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے: امت واحدہ پاکستان

حکومت پاکستان کی بائیس کروڑ عوام کی ترجمانی کرےاور کسی قیمت پر پاکستانی سرزمین کو امریکی مذموم  اور پلید مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔

پاکستانی سرزمین کو امریکی مذموم  اور پلید مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے: امت واحدہ پاکستان

 

بغداد ایرپورٹ پر امریکی ڈرون طیاروں کے دہشتگردانہ حملوں میں جامِ شہادت نوش کرنے والے عالمِ اسلام کے عظیم فرزندان جنرل قاسم سلیمانی، ابومہدی المہندس اور ان کے باوفا ساتھیوں کی المناک شہادت کے موقع پر امتِ واحدہ پاکستان کےزیرِ اہتمام ایک ہنگامی اجلاس ہوا جس کی صدارت علامہ محمد امین شہیدی نے کی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  اجلاس میں  وطنِ عزیز پاکستان کے مختلف فرقوں اور مسالک سے تعلق رکھنے والے 120علمائے کرام، مشائخِ عظام، مفتیانِ دین اور اہلِ علم ودانش کی جانب سے ایک بیانیہ جاری کیا گیا جو درج ذیل ہے

بسم اللہ الرحمن الرحیم

مِّنَ ٱلْمُؤْمِنِینَ رِجَالٌ صَدَقُواْ مَا عَٰهَدُواْ ٱللَّهَ عَلَیْهِ ۖ فَمِنْهُم مَّن قَضَىٰ نَحْبَهُۥ وَمِنْهُم مَّن یَنتَظِرُ ۖ وَمَا بَدَّلُواْ تَبْدِیلًا

مومنین میں ایسے بھی مردِمیدان ہیں جنہوں نے اللہ سے کئے وعدہ کو سچ کر دکھایا ہے ان میں بعض اپنا وقت پورا کرچکے ہیں اور بعض اپنے وقت کا انتظار کررہے ہیں اور ان لوگوں نے اپنی بات میں کوئی تبدیلی نہیں پیدا کی ۔ (الاحزاب:23)

اناللہ واناالیہ راجعون۔

معاصرِ تاریخ میں مزاحمت، مقاومت، جہاد و مجاہدت کی اعلی ترین مثال اور طاغوتی طاقتوں کے مقابلے میں کوہِ استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے جانثار ساتھیوں خصوصا ابو مہدی المہندس کی شہادت کی خبر نے تمام عالمِ اسلام کو بالعموم اور اُن کے چاہنے والوں کو بالخصوص نہایت غمزدہ ،سوگوار اور دُکھی کر دیا۔

شہید قاسم سلیمانی نے اپنی زندگی کی چالیس سے زیادہ بہاریں اسلامی دنیا کی استکباری طاقتوں کے چنگل سے نجات، طاغوتی طاقتوں کے جدیدوقدیم  ہتھکنڈوں سے مقابلے اور داعش جیسے مغربی دنیا کے پیدا کردہ ناسور کے خاتمے پر صرف کر کے اسرائیل اور امریکہ سمیت تمام ظالم قوتوں کی نیندیں حرام کر دی تھیں۔

 دوسری طرف افغانستان، عراق، شام، یمن اور لبنان تک مظلوم اور ستم دیدہ کلمہ گو مسلمانوں کی زندگی میں امید اور روشن مستقبل کا چراغ جلا کر فرقہ پرستانہ مذہبی تعصب سے انہیں نکالااور فلسطین اور الاقصی کی حمایت اور دنیا میں اللہ کی عادلانہ حکومت کے قیام کی جدوجہد کے لئے افغانی، پاکستانی، عراقی، ایرانی، شامی، یمنی اور لبنانی مسلمانوں کو تسبیح کے دانوں کی طرح آپس میں جوڑ دیا تھا۔

 شہید قاسم سلیمانی ہوں یا ابو مہدی المہندس، ان شہداء نے اپنی زندگی اور موت دونوں کے ذریعے ظالم اور مستکبر طاقتوں کے مکروہ چہروں کو بےنقاب کیا اور اپنے سرخ خون سے عصرِ حاضر میں کربلائے حسین (ع) کو دوبارہ زندہ کر کےدنیا کو بتایا کہ قرآن کریم کاپیغام

کم من فئة قلیلة غلبت فئة کثیرة بإذن الله

(اکثر چھوٹے چھوٹے گروہ بڑی بڑی جماعتوں پر حکم خدا سے غالب آجاتے ہیں۔ البقرہ:249)

آج بھی زندہ اور موثر ہے اور  الذین جاھدوا فینا لنھدینھم سبلنا (جن لوگوں نے ہمارے حق میں جہاد کیا ہے ہم انہیں اپنے راستوں کی ہدایت کریں گے۔ العنکبوت: 69)

کے تحت آج بھی جو لوگ فضائے بدر پیدا کرتے ہیں۔ اللہ ان کی نصرت کے لئے گردوں سے قطار اندر قطار فرشتے اب بھی اُتارتاہے۔

حزب اللہ کی اسرائیل سے 33 روزہ جنگ ہو یا حماس کی صیہونیوں سے 36 روزہ جنگ،جنرل قاسم سلیمانی مجاہدین کی رہنمائی کے لئےہمیشہ فرنٹ لائن پر نظر آتے تھے۔

شام ہو یا عراق کی سرزمین، امریکیوں اور آلِ سعود کی تخلیق، داعش کے خاتمے میں ان دونوں عظیم شہداءکے مجاہدانہ کردار سے ساری دنیا بخوبی واقف ہے۔

عراق پر امریکی قبضے کے خلاف عراقی فورسز کے شانہ بشانہ میدانِ جنگ میں شہید سلیمانی کا کردار ہر عراقی شہری کو یاد ہے۔

دولت الاسلامیہ فی العراق والشام کی خطے کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، وحشت، بربریت اور درندگی کے مقابلے میں ان کے خاتمے، خطے کے مظلوم انسانوں کی نجات اور امریکی سازشوں کے خاتمے کے لیے ان کی خدمات اور قربانیاں تاریخ کے سینے میں محفوظ ہیں۔

عراقی حکومت کی دعوت پر بغداد پہنچنے والے جنرل قاسم سلیمانی اور ان کا سرکاری استقبال کرنے والے میزبان کمانڈر ابو مہدی المہندس کے قافلے کوبغداد ایرپورٹ سے نکلتے ہوئےڈرون طیاروں کے ذریعے حملہ کرکے شہید کرنے کا یہ امریکی اقدام اقوامِ عالم کے تمام قوانین کے منافی اور کھلی سفاکیت، درندگی اور دہشت گردی ہے جس کی مذمت اقوامِ متحدہ سمیت دنیا کے تمام ممالک کو کرنی چاہیے۔

 یہ بات واضح ہے کہ اس ہولناک جرم کے پیچھے اسرائیل اور امریکہ کی مکمل ہم آہنگی اور تعاون شامل رہا ہے۔

یہ شہداء اپنے خون سےسن 2020 میں بھی لکھ گئے کہ جو اللہ کی مظلوم مخلوق  کی حمایت  اور دست گیری کے لئے شب و روز میدانِ عمل میں گزارتے ہیں، انہیں اللہ اب بھی یَا أَیَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُ ارْجِعِی إِلَى رَبِّکِ رَاضِیَةً مَرْضِیَّةً

( اے نفس مطمئنہ! اپنے پروردگارکی طرف پلٹ آ، اس حالت میں کہ تو اس سے راضی ہے اور وہ تجھ سے راضی ہے۔ الفجر: 27)

کا رفیع مقام عطا فرماتا ہے۔  یہ دونوں عظیم شہداء ایران اور عراق یا عرب و عجم کے نمائندے نہیں تھے بلکہ محمدی اسلام کے وہ عملی نمونے تھے جن کی زندگی بھی اعلائے کلمہ حق کے لئے صرف ہوئی اور ان کی سرخ شہادت بھی مسلمانوں اور عرب و عجم کے ”عَلَمِ محمدی“کے سائے میں اتحادویکجہتی کا پیغام بن گئی۔

 شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کا خون اب بھی مسلمانوں کی یکجہتی، اتحاد اور دین کے دفاع کے لئے کفروشرک کے مقابلے میں یکسوئی کا پیامبر ہے۔

 دنیا بھر کے مظلوم عوام ان عظیم شہداء اور ظالم قوتوں کے مقابلے میں بہادری اور قربانی کی نمونہ شخصیات کو کبھی نہیں بھولیں گے بلکہ ان کا پاکیزہ لہو پورے خطے کے اندر امریکی سامراج کی جڑوں کو کاٹنے اور ان کے ناپاک وجود سے مسلمان سرزمینوں کو پاک کرنے کی نوید بنے گا۔

 اب فلسطین پر قابض ظالم صیہونی طاقتیں ہوں کہ دیگر مسلمان سرزمینوں کو لوٹنے والا مغربی استعمار، سب کی نیندیں اُڑ جائیں گی اور پورے خطے  میں بیداری اور مزاحمت کی تحریک کو ایک نئی جان ملے گی۔ یہ پاکیزہ لہو فلسطین پر صیہونیوں کے ناجائز اور غیرقانونی تسلط اور قبضے کے خلاف مسلمانوں کے اتحادویکجہتی کی ضمانت بنے گا۔

شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس ہمارے درمیان نہیں رہے لیکن ان کی جدوجہد، فکر اور رہنمائی امت کے مختلف طبقات کی ہم آہنگی اور بین المسالک محبت اور دوستی کو مزید فروغ دے کر انہیں یکجا کرنے میں کردار ادا کرتی رہے گی۔ 

ہم تمام علماء، دانشور، مشائخ، مفتیانِ عظام، پیرانِ طریقت اور اہلِ قلم حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی امریکی سازش کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرےاوراسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت کی حیثیت سےامریکہ مخالف اسلامی بلاک کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے پاکستان کی بائیس کروڑ عوام کی ترجمانی کرےاور کسی قیمت پر پاکستانی سرزمین کو امریکی مذموم  اور پلید مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔

پاکستان کے اہلِ علم و دانش، مفکرین، مفتیانِ عظام، علمائے کرام، مشائخ اور اہلِ قلم پہلے بھی امت کی یکجہتی کے لئے ایک تھے اور مستقبل میں بھی تمام تر استعماری ہتھکنڈوں کے باوجود باہم متحد رہیں گےاور امتِ اسلامیہ کے عظیم بازو اسلامی جمہوریہ ایران کے مجاہد عوام کی حمایت جاری اور شہداءکے مقدس خون کے پیغام کو زندہ رکھیں گے۔

اس اعلامیہ کی مندرجہ ذیل علمائے کرام نے تائیدوتوثیق کی:

علامہ محمد امین شہیدی

پیر غلام رسول اویسی

پیرسید معصوم شاہ نقوی

پیر منور نقشبندی

پیر سید راحت کاظمی

پیر اعجاز حیدر شاہ

مفتی احمد عزیزی

محیی الدین کوریجہ

خواجہ محمد انور

مفتی عزیز الدین

شیخ الحدیث چراغ الدین شاہ

مفتی جمیل الدین

پیر سیدمدثر شاہ

پیر سید ابرار شاہ بخاری

علامہ محمد اصغر عسکری

مولانا نعیم الحسن شاہ

پیر شفقات شاہ

پیر علی رضا شاہ

مفتی شہزاد  قادری

ڈاکٹر کوثر نسیم

ڈاکٹر امتیاز علی

ڈاکٹر نجم آفندی

ڈاکٹر کاظم سلیم

ریحان طاہر قادری

سردار زاہد منان

مفتی ضیاء اللہ

مفتی زر ولی خان

مولانا صادق تقوی

مولانا محمد عباس وزیری

مولانا محمد اقبال

مولانا ابوذر مہدوی

مولانا اکبر حسین

ڈاکٹر جہاں زیب خان

ڈاکٹر حمید اللہ

پیر عقیل حیدر شاہ

پیر اشرف رضوی

پیر  آصف رضا گیلانی

مفتی شعیب احمد

مفتی عابد مبارک

مفتی عبدالقیوم

مفتی قوی خان

مفتی عبد الشکور حقانی

مفتی ارشد القادری

مفتی آصف نعمانی

مفتی محمد شاہد

مفتی محمد سعید

مفتی محمد ریاض

علامہ حیدر علوی

مفتی نعمان نعیم

مفتی تنویر احمد

مفتی صدیق علی چشتی

مولانا احسان جعفری

مولانا نعیم جعفری

مولان عبد القدوس

مولانا سید ابوالحسن

مولانا انیس الحسن

مولانا اصغر شہیدی

مفتی عظمت سعید

پیر ایوب جان سرہندی

پیر محمد سعید نقشبندی

پیر ناصر الدین ہاشمی

پیر نوید گیلانی

پرویز اکبر ساقی و دیگر

والسلام علیکم ورحمتہ اللہ        

جاری کردہ

مرکزی دفتر امتِ واحدہ پاکستان

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری