کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج


کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج

سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ کے مدرسہ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر  کوئٹہ میں مدرسہ دارالعلوم الشرعیہ میں دھماکہ کے بعد فضا سوگوار ہے، خود کش دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ اوسیٹلائٹ ٹاون کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی، قتل اقدام قتل و دیگر دفعات شامل ہیں۔

سیٹلائٹ ٹاون کے علاقے اسحاق آباد میں مدرسے کے اندر ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات سی ٹی ڈی کو سونپ دی گئی ہیں جبکہ پولیس کے مطابق مدرسے کو سیل کردیا گیا، تفتیشی حکام آج بھی جائے وقوع کا معائنہ کریں گے اور مزید شواہد بھی اکھٹے کئے جائیں گے۔

یاد رہے گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے اسحاق آباد میں واقع مدرسہ دارالعلوم شریعہ کی مسجد میں مغرب کی نماز ادائیگی کے دوران خود کش دھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ،امام مسجد سمیت15نمازی شہید جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔

وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا تھا کہ خدشہ ہے دھماکا خود کش تھا، دھماکے میں بھارت ملوث ہو سکتا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، اور دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کر رہا ہے، بھارت سی پیک کی صورت میں پاکستان کے اقتصادی مستقبل سے بھی خوف زدہ ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری