گلگت بلتستان میں شدید برفباری، نظام زندگی مفلوج


پاکستان کے شمالی صوبے گلگت بلتستان میں شدید برفباری اور سخت سردی سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے دوسرے بڑے شہراسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسکردو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے برف باری جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلی صبح تک برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔

اسکردو شہر کا درجہ حرارت منفی 12، بالائی علاقوں میں منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کو بر وقت اقدامات کا خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

رواں موسم سرما میں یہ اب تک کی شدید برف باری ہے، برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، بالائی علاقوں کے راستے بھی شدید برف باری سے بند ہو گئے ہیں، اسکردو گلگت روڈ بھی بند ہو چکا ہے۔

ادھرشمالی بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش اور برف باری رک گئی ہے، چمن میں منفی 3، کوژک ٹاپ میں منفی 7، دوبندی میں منفی 5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی ہے، برف باری اور بارشوں سے کچے مکانات اور دیواریں گر گئی ہیں، چمن میں مکانات کے گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہو چکے ہیں، مواصلاتی نظام بھی متاثر ہے، بجلی متعدد علاقوں میں 3 روز سے غائب ہے۔

مستونگ میں بھی برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں ، دشت، اسپلنجی اور دیگر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے، کوئٹہ کراچی شاہراہ لکپاس کے مقام پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے جزوی بحال کر دی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

خیبر پختون خوا میں مالاکنڈ ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، چترال میں شدید برف باری سے کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ لواری کے مقام پر شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے، وادی کیلاش، دروش، گرم چشمہ روڈ اور چترال بونی روڈ شدید برف باری سے بند ہیں۔ شانگلہ میں بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔