نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں شیعہ سنی علماء کا مشترکہ پریس کانفرنس


نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں شیعہ سنی علماء کا مشترکہ پریس کانفرنس

پاکستانی شیعہ سنی علماء کا کہناہے کہ امریکا عالم اسلام کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اور عالمی دہشت گرد کا کردار ادا کر رہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی شیعہ سنی علماء نے مطالبہ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ سے امریکا فی الفور اپنی فوجیں واپس بلائے۔

علماء کا کہنا تھا کہ امریکا نے مسلمانوں کو ہمیشہ نقصان پہنچایا ہے۔عراق میں امریکی جارحیت کے خلاف علما اور مشائخ کرام نے پیر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں برادر مسلم ملک کی اہم شخصیت کو نشانہ بنا کر امریکہ نے بربریت کا بدترین مظاہرہ کیا۔

خود مختار ریاست کی اجازت کے بغیر اس کی سرزمین پر اس طرح کا حملہ عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی امریکا،اسرائیل اور بھارت کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

عراقی پارلیمنٹ کی طرف سے امریکی فوج کے انخلا کی منظوری کے بعد امریکہ کے پاس عراق میں مزید قیام کا کوئی جواز باقی نہیں بچا۔یہ بات امریکہ کے حق میں بھی بہترہے اسے جنگ اور کشیدہ صورتحال سے بچ نکلنے کا آسان راستہ دیا جا رہا ہے۔ علماء نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے خطے میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا۔قاسم سلیمانی کی موت نے اس حقیقت کو واضح کر دیا ہے کہ وہ کون سی قوتیں ہیں جو داعش کو پس پردہ معاونت فراہم کر رہی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ جس کسی نے ارض پاک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا اسے بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے۔جب بھی کسی مسلم ملک کو ضرورت پڑی پاکستان فطری طور پر امت مسلمہ کا اتحادی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ایشوز پر پاکستانی حکمرانوں کو بھی ایسا مؤقف اختیار کرنا چاہیے جو عوامی جذبات کی ترجمانی کرتا ہو۔

شرکاء پریس کانفرنس میں علامہ اعجاز حسین بہشتی،علامہ محمد اقبال حسین بہشتی،صاحبزادہ سائیں محسن چشتی،محمد حبیب احمد نذیری،علامہ ڈاکٹر محمد یونس،قاری محمد ایاز سیالوی،مولانا سید یاسر نقوی،عزاز محمد،علامہ محمد اشتیاق صدیقی،مولانا سید رضوان علی گردیزی،مولانا شاکر رضا نقوی، علامہ مفتی ظہیر قادری،مفتی میر اشفاق احمد ایڈووکیٹ،علامہ محمود تبسم اور مولانا سجاد حسین نقوی سمیت دیگر شیعہ سنی علماء بھی شریک تھے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری