رانا ثناءاللہ ذہنی توازن کھو بیٹھےہیں،عاشق اعوان


رانا ثناءاللہ ذہنی توازن کھو بیٹھےہیں،عاشق اعوان

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ ذہنی توازن کھو بیٹھےہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ن لیگی قیادت کے ملک سے باہر بھاگ جانے پر رانا ثناءاللہ ذہنی توازن کھو بیٹھےہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا صاحب فرماتے ہیں کہ میاں صاحب اگر اسپتال سے گھر جا سکتے ہیں تو ریستوران بھی جاسکتے ہیں، ان کا مطلب ہے کہ میاں صاحب تندرست ہیں اور ریستوران سے سیدھا جیل بھی جا سکتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رانا صاحب پہلے اندرونی لڑائی میں مبتلا اپنی قیادت کے مابین پارٹی میں مڈ ٹرم انتخابات کرائیں، آپ کی سیاسی ساکھ ختم اور قیادت سر پر پاؤں رکھ کر باہر بھاگ چکی ہے، جس مقدمہ میں آپ کو ضمانت ملی ہے اس کا ٹرائل ابھی باقی ہے، اس پر توجہ دیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ رانا ثنا حکومت کے بجائے اپنی قیادت پر برسیں جس نے اپنے کارکنوں کو پھر دھوکہ دیا اور ان کے اعتماد کا خون کیا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری