افغانستان میں پولیس کمانڈر16 اہلکاروں سمیت طالبان میں شامل


افغانستان میں پولیس کمانڈر16 اہلکاروں سمیت طالبان میں شامل

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مقامی پولیس کمانڈر نے 16سپاہیوں کے ہمراہ طالبان میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے صوبہ ''زابل'' کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایک پولیس کمانڈر نے کابل حکام سے غداری کرتے ہوئے 16 سپاہیوں اور ہتھیار سمیت طالبان میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیاہے۔

صوبہ زابل کے حکام کا کہناہے کہ پولیس کمانڈر نے پہلے اپنے تین ساتھیوں کو گولیاں مار کرہلاک کردیا اور اس کے بعد16 اہلکاروں اور ہتھیار سمیت طالبان میں شمولیت کا اعلان کیا۔

زابل صوبائی کونسل کے سربراہ «عطا جان حق بیان» کا کہناہے کہ پولیس کمانڈر ''ارغنداب'' نامی شہرمیں تین بکتربندگاڑیوں اور جدیدترین اسلحہ سمیت طالبان میں شامل ہوگیا ہے۔  

طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان پولیس کے 16 اہلکار ہتھیار سمیت طالبان سے جاملے ہیں۔ طالبان کا کہنا ہے کہ ان کے مسلح افراد نے مرکزی شہرپر قبضہ کرکے کابل حکام کو بے دخل کردیاہے۔

دوسری طرف کابل حکام کا کہناہے کہ حکومت نے سیکیورٹی فورسز کی مدد کے لئے تازہ دم دستے روانہ کردیے ہیں اور شہرکا کنٹرول حکومت کے پاس ہی ہے۔

خیال رہے کہ ابھی تک افغان حکام نے سیکیورٹی فورسز کے طالبان میں شمولیت پر کسی قسم کا کوئی رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔

یادرہے کہ اس سے قبل بھی عوامی فورسز کے ایک اعلیٰ کمانڈر نے اپنے تمام مسلح افراد سمیت طالبان کی صفوں میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے حکومت کے ساتھ بغاوت اور غداری کابل حکام کے لئے نہایت سنگین مسئلہ ہے، سال 2018 میں ایک ہزار سے زائد سیکیورٹی فورسز کے اہلکار طالبان سے جاملے تھے جن میں سے اکثر کا تعلق صوبہ ہلمند اور ارزگان سے تھا۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری