آٹا بحران پر ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، علامہ احمد اقبال رضوی


آٹا بحران پر ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، علامہ احمد اقبال رضوی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ آٹا بحران پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ عوام نے جس تبدیلی کے لیے موجودہ حکومت کومنتخب کیا تھا اس کا دور دور تک کوئی نام ونشان نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں آٹے کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے،مہنگائی نے عوام کا پہلے ہی بھرکس نکال دیا ہے،حکومت کی ناقص انتظامی پالیسیوں کے باعث متوسط طبقہ بھی غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو آٹے کے بحران کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور ہنگامی بنیادوں پر کوششوں کا آغاز کرنا چاہیے،اگر مصنوعی قلت پیدا کر کے مختلف قسم کے بحران پیدا کیا جارہے ہیں تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے ملازمتوں کے وعدے پورے کرے تاکہ ملک سے بے روزگاری کاخاتمہ ہو۔

علامہ احمد اقبال کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے نوجوان اور تعلیم یافتہ طبقہ اس ملک کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے۔انہیں نظر انداز کرنا ملکی تباہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ  پڑھے لکھے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کر کے ان کے اندر پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ کیا جائے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری