امریکی عوام کا صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ


امریکی عوام کا صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ

صدر ٹرمپ کی جارحانہ پالیسیوں سے ناراض عوام نے صدرٹرمپ کا مواخذہ کرکے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق،  ایک سروے میں 51 فیصد امریکیوں نے صدرٹرمپ کا مواخذہ کرکے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی عوام کی اکثریت نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو مسترد کردیا، امریکی ٹی وی کے سروے میں 51 فیصد امریکیوں کی رائے ہے کہ سینٹ کوصدرٹرمپ کا مواخذہ کرکے انہیں عہدے سے ہٹا دینا چاہئیے۔

سروے کے مطابق 58 فیصد امریکیوں کے خیال میں صدرٹرمپ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جبکہ 57 فیصد امریکیوں نے رائے دی کہ امریکی صدرنے ایوان نمائندگان میں مواخذے کی کارروائی میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔

امریکی ٹی وی سروے میں کہا گیا 53 فیصد امریکی کہتے ہیں کہ صدرٹرمپ کوفئیرٹرائل کا حق ملنا چاہئیے۔

یاد رہے چند روز قبل بھی امریکی میڈیا کی جانب سے کرائے گئے سروے کے مطابق 56 فیصد امریکی عوام نے صدر ٹرمپ کی ایران کے خلاف کارروائیوں کو مسترد کردیا تھا، 52 فیصد امریکیوں کا خیال تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرکے امریکیوں کو غیرمحفوظ کردیا ہے۔

خیال رہے امریکی سینیٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی آج شروع ہو گی ، امریکی ایوان نمائندگان صدرٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک منظورکر چکا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے سلسلے میں دو الزامات عائد کیے گئے تھے ، جس میں سیاسی مخالف کی تفتیش کے لیے یوکرین پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کرکے اختیارات کا غلط استعمال کیا، جو ملک سے دھوکا دہی ہے اور دوسرا اسکینڈل کے حوالے سے ہونے والی کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹیں کھڑی کرنا تھا۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری