ترکی اور روس کی جانب سے شہیدجنرل قاسم سلیمانی پرحملے کی شدید مذمت


ترکی اور روس کی جانب سے شہیدجنرل قاسم سلیمانی پرحملے کی شدید مذمت

ترکی اور روس نے ایک مشترکہ بیان میں شہیدجنرل قاسم سلیمانی پرحملے کی شدید مذمت کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکی اور روس نے ایک مشترکہ بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکا سے تحمل کے مظاہرے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق استنبول میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے مشترکہ بیان میں امریکا اور ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ تحمل سے کام لیں۔

ترکی روس مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکا بحران کو بڑھنے نہ دیں، حملوں کے تبادلے سے خطے میں عدم استحکام کا نیا دور شروع ہو جائے گا، ہم خطے میں جاری کشیدگی میں کمی کے لیے پر عزم ہیں، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور سفارت کاری کو ترجیح دیں۔

دونوں رہنماؤں کے مشترکہ تحریری بیان میں امریکی ڈرون حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس عمل سے خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہوا، بیان میں بدھ کے روز امریکی ملٹری بیس پر میزائل حملوں پر تہران پر بھی تنقید کی گئی۔

دونوں صدور نے اس موقع پر خطے میں ایران اور امریکا کشیدگی میں اضافے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کشیدگی سے عراق پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری