سی پیک منصوبوں میں شفافیت نہیں، سینیئرامریکی سفیرکا دعویٰ


سی پیک منصوبوں میں شفافیت نہیں، سینیئرامریکی سفیرکا دعویٰ

سینیئر امریکی سفیر ایلس ویلز نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر اپنی تنقید دوہراتے ہوئے اسلام آباد سے اس میں ملوث ہونے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا کہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، تھنک ٹینک کی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چین کے ون بیلٹ ون روڈ انیشی ایٹو منصوبے پر تنقید کی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سی پیک منصوبوں میں شفافیت نہیں، پاکستان کا قرضہ چینی فنانسنگ کی وجہ سے بڑھ رہا ہے۔

ان کا یہ بیان اس سے قبل 21 نومبر 2019 کو واشنگٹن کے ولسن سینٹر میں دیے گئے ریمارکس جیسا ہی تھا تاہم اسلام آباد کے دورے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات بنانے پر زور کے بعد ان کا دوبارہ یہ دعویٰ اہم ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا سے پاکستان کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے فہرست سے نام نکالنے میں مدد کرنے کا کہا۔

ڈان اخبار نے خبر دی ہے کہ  سی پیک پر الزامات لگاتے ہوئے سفیر ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کی جانب سے بلیک لسٹ کی گئی کمپنیوں کو سی پیک میں کنٹریکٹس ملے ہیں۔

امریکی سفیر نے نو قائم شدہ سی پیک اتھارٹی کو مقدمات سے استثنیٰ ہونے پر بھی سوالات اٹھائے۔

سی پیک اتھارٹی تعاون اور منصوبوں کے لیے نئے علاقوں کی نشاندہی، سہولیات کی فراہمی، رابطہ اور جاری منصوبوں کی نگرانی کے لیے بنایا گیا نو قائم شدہ ادارہ ہے۔

قرضوں کے مسئلے پر ایلس ویلز نے زور دیا کہ چینی پیسے معاونت نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبوں کے لیے چین سے فنانسنگ حاصل کرکے پاکستان مہنگے ترین قرضے حاصل کر رہا اور خریدار ہونے کے ناطے اسے معلوم ہونا چاہیے کہ وہ کیا کر رہا ہے کیونکہ اس سے ان کی پہلے سے کمزور معیشت پر بھاری بوجھ پڑے گا۔

انہوں نے ریلوے ایم ایل 1 منصوبے کی لاگت میں اضافے پر بھی بات کی جو کراچی سے پشاور کو جوڑتا ہے۔

انہوں نے حکومت سے بڑے منصوبوں پر شفافیت دکھانے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سے ایلس ویلز نے ملاقات کی۔

ملاقات میں سیاسی روابط اور معاشی شراکت داری سمیت وسیع دوطرفہ امور پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں زور دیا گیا کہ مضبوط تجارتی و سرمایہ کاری پر مشتمل تعلقات دونوں ممالک کی قیادت کے پاک ۔ امریکا طویل المدتی، وسیع البنیاد اور پائیدار شراکت داری استواری کرنے کی سوچ آگے بڑھانے میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

سیکریٹری خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال، بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں مسلسل اضافے، بھارتی سول اور فوجی حکام کی جنگی دھمکیوں اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی جارحانہ اقدامات کو واضح کیا اور جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل میں بین الاقوامی برادری کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں افغان امن و مصالحتی عمل کے بارے میں حالیہ پیش رفت سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سہیل محمود نے افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھنے اور پاک ۔ افغانستان تعلقات میں مثبت پیشرفت سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ایران، سعودی عرب  اور امریکا کے حالیہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، مشرق وسطیٰ میں تنازعات میں کشیدگی و تناؤ ختم کرنے اور سفارتی ذرائع سے اختلافات کے حل کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ایلس ویلز دورہ بھارت اور سری لنکا کے بعد چار روزہ دورے پر دو روز قبل پاکستان پہنچی تھیں۔

گزشتہ روز انہوں نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں سیکیورٹی اور داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو تسلی بخش حد تک حل کر لیا گیا ہے۔

اس موقع پر ایلس ویلز نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔

اگرچہ ان کا یہ دورہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ امریکا کے فوری بعد سامنے آیا، لیکن ان کا پاکستان آنا پہلے سے طے شدہ تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے دورے کے دوران ان کی پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے مزید کئی ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں پاک ۔ امریکا تعلقات، افغان امن عمل، مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری