پاکستان نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا


پاکستان نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا

پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل 'غزنوی' کا کامیابی سے تجربہ کر کے میزائل نظام میں اضافہ کر لیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے آئی ایس پی آر کے حوالےسے خبر دی ہے کہ میزائل کا کامیاب تجربہ ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، چیئرمین نیسکام، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سینئر افسران، آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور انجینئرز کی موجودگی میں کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ میزائل 290کلومیٹر تک مختلف اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تربیتی مشق کے طور پر کیے گئے میزائل تجربے کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی دن اور رات میں آپریشن تیاریوں کو آزمانا تھا۔

ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن نے اسلحے کے نظام کو چلانے میں اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

انہوں نے مضبوط اسٹریٹیجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ساتھ ساتھ اسٹریٹیجک فورسز کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

صدر اور وزیر اعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری