کورونا وائرس؛ دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوگئی


کورونا وائرس؛ دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوگئی

سال نو کے آغاز پر چین سے شروع ہونے والے خطرناک ’کورونا‘ وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار سے زائد ہوگئی اور سب سے زیادہ متاثرین کا تعلق چین سے ہے۔

’کورونا‘ وائرس جنوری 2020 کے شروع میں چینی صوبے ہوبی کے سب سے بڑے شہر ووہان سے شروع ہوا تھا جہاں اب تک اس مرض میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

یہ مرض اگرچہ پہلی بار سامنے نہیں آیا تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اس مرض کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے واضح امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس ایک عام وائرل ہونے والا وائرس ہے جو عام طور پر ایسے جانوروں کو متاثر کرتا ہے جو بچوں کو دودھ پلاتے ہیں تاہم یہ وائرس سمندری مخلوق سمیت انسانوں کو بھی متاثر کرتا ہے۔

اس وائرس میں مبتلا انسان کا نظام تنفس متاثر ہوتا ہے اور اسے سانس میں تکلیف سمیت گلے میں سوزش و خراش بھی ہوتی ہے اور اس وائرس کی علامات عام نزلہ و زکام یا گلے کی خارش جیسی بیماریوں سے الگ ہوتی ہیں۔

اس وائرس کا اب تک کوئی بھی علاج موجود نہیں ہے تاہم احتیاطی تدابیر اور دیگر دوائیوں کی مدد سے اس پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

’کورونا‘ وائرس کے چین سے دوسرے ممالک منتقلی کے بعد اب اس وائرس سے دنیا بھر کے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں چین کے سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’کورونا‘ وائرس کے سب سے زیادہ متاثرہ افراد کی تعداد چین میں موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین میں جنوری کے آغاز سے 25 جنوری 2020 تک 1975 افراد ’کورونا‘ وائرس میں مبتلا ہوچکے تھے جب کہ اسی عرصے کے دوران چین میں اسی وائرس سے 56 افراد ہلاک بھی ہوچکے تھے۔

چین کے علاوہ کینیڈا میں بھی پہلے ’کورونا‘ وائرس سے متاثرہ شخص کی تصدیق کردی گئی ہے جو حال ہی میں چینی شہر ووہان سے کینیڈا پہنچا تھا۔

’کورونا‘ وائرس کی دوسرے ممالک منتقلی کے بعد پاکستان اور امریکا سمیت کئی ممالک نے الرٹ جاری کر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے شہریوں کو چین کا دورہ منسوخ کرنے کا بھی کہا ہے۔

’کورونا‘ وائرس کے حوالے سے چینی حکام نے گزشتہ ہفتے ہے تصدیق کی تھی کہ مذکورہ وائرس ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہوسکتا ہے اور یہ وائرس ہاتھ ملانے سمیت سانس کے ذریعے بھی منتقل ہوسکتا ہے۔

وائرس کے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد چین کے کئی شہروں میں عوامی مقامات اور سینما گھروں سمیت دیگر اہم سیاحتی مقامات کو بھی بند کردیا گیا ہے جب کہ شہریوں کو سخت تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چینی حکومت نے پولیس اور فوج سمیت دیگر سرکاری ملازمین کو ہدایت کر رکھی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کرتے ہوئے دور سے سلامی والا روایتی انداز اپنائیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری