کراچی میں بارش؛ سردی کی شدت میں اضافہ


کراچی میں بارش؛ سردی کی شدت میں اضافہ

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی دوسری بارش کے بعد شہر میں سردی میں تھوڑا اضافہ ہو گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آج صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ہے، ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مغربی سسٹم کے اثرات بارش کی صورت میں نظر آنے لگے ہیں۔

جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں گلشن اقبال، ناظم آباد، سائٹ، اورنگی، منگھوپیر، بفر زون، گلستان جوہر، کلفٹن شامل ہیں، بارش کہیں ہلکی ہوئی کہیں تیز، بارش کی وجہ سے ہوا سرد ہو گئی، تاہم حبس بھی پیدا ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی سلسلہ 2 سے 3 گھنٹے میں شہر سے نکل جائے گا اور مطلع بالکل صاف ہو جائے گا۔

کل رات کوئٹہ، زیارت، چاغی، دالبندین، نوکنڈی، سبی، ژوب اور گرد و نواح میں بارش ہوئی تھی، جب کہ چمن میں کوژک، خواجہ عمران اور دوبندی کے پہاڑی سلسلے پر برف باری ہوئی، چمن شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش بھی ہوئی۔

کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی، ڈپٹی کمشنر بشیر بڑیچ کا کہنا تھا کہ لیویز شاہراہ سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری