یوم یکجہتی کشمیر؛ وزیراعظم کا پیغام جاری، بھارت سےمقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ


یوم یکجہتی کشمیر؛ وزیراعظم کا پیغام جاری، بھارت سےمقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدی بنا رکھا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ اور غیر قانونی اقدام ختم کرے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدی بنا رکھا ہے، کشمیریوں پر ظلم و جبر نے بھارتی حکومت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ اور غیر قانونی اقدام ختم کرے، بھارت زیر حراست کشمیریوں اور حریت رہنماؤں کو رہا کرے۔ کشمیریوں کو 6 ماہ سے غیر انسانی لاک ڈاؤن کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کشمیری عوام پر لگائی گئی طویل پابندیوں کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، عالمی برادری اور امت مسلمہ نے بھارت کے نظام قانون کو مسترد کیا۔ تاریخ میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی چند مثالیں ہی موجود ہیں۔ ہزاروں بے گناہ افراد کو زبردستی حراست میں لیا گیا۔ ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر قید کردیا گیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کا حقیقی مظہر ہیں۔ عالمی برادری، میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی کارروائیوں کی مذمت کر رہی ہیں۔ ہندوستان انسانی حقوق کی پامالی کرنے والے ملک کے طور پر بے نقاب ہوا ہے۔

خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے، آج کے دن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری