کرونا وائرس؛ متاثرافراد میں مسلسل اضافہ، مزید 89 جان کی بازی ہارگئے


کرونا وائرس؛ متاثرافراد میں مسلسل اضافہ، مزید 89 جان کی بازی ہارگئے

چین میں جان لیوا کرونا وائرس سے ایک دن میں مزید 89 افراد جان کی بازی ہار گئے، وائرس سے مجموعی ہلاکتیں 813 ہوگئیں جبکہ 37 ہزار افراد کرونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  چین میں کرونا وائرس سے اموات کا سلسلہ رک نہ سکا، وائرس سے ایک دن میں مزید 89 ہلاکتیں ہوگئیں۔ چین میں اب تک جان لیوا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 813 ہوگئی، جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار تک جا پہنچی ہے۔

چین کے علاوہ مزید 27 ممالک میں بھی کرونا وائرس کے 200 سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

ووہان میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا امریکی شہری بھی دم توڑ گیا ہے۔ یہ کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والا پہلا امریکی شہری ہے، رپورٹس کے مطابق ہلاک شہری ایک 60 سالہ خاتون تھی۔

ادھر جاپان کی بندرگاہ پر روکے گئے کروز میں 64 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، سنگاپور میں مریضوں کی تعداد 33 ہو گئی جس کے بعد سنگاپور میں ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امریکا نے چین کو 100 ملین ڈالر امداد کی پیش کش کر دی ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے بھی وائرس کی تحقیقات کے لیے چین جانے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز کرونا وائرس کے اثرات کے پیش نظر دنیا کا سب سے بڑا آٹو پلانٹ بھی بند کر دیا گیا ہے، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیئول میں واقع ساؤتھ کورین کار ساز کمپنی یونڈے کا پلانٹ بند کر دیا گیا ہے۔

اس آٹو پلانٹ میں سالانہ 14 لاکھ گاڑیاں بنائی جاتی ہیں، پلانٹ بڑی تعداد میں آٹو پارٹس درآمد کرتا ہے اور یہاں 25 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری