اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے


اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر نور خان ایئر بیس پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، دفتر خارجہ اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام نے انتونیو گیوتریس کا استقبال کیا۔

اپنے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ' افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی کے 40برس' مکمل ہونے سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

ان کے ترجمان اسٹیفن دوجریک نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں معمول کی بر یفنگ کے دوران کہا کہ اسلام آباد میں 17 فروری سے شروع ہونے والی 2 روزہ کانفرنس 4دہائیوں سے زائد عرصے سے لاکھوں افغان مہاجرین کی ملک میں موجودگی سے متعلق پاکستان کی سخاوت کا اعتراف ہوگا۔

مذکورہ کانفرنس حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کا کمیشن برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی جانب سے منعقد کی جارہی ہے، اس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

عالمی کانفرنس میں امریکا کے مختلف سینئر حکام بھی شرکت کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران انتونیو گوتریس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کا امکان ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری