ٹرمپ کا بھارت کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کا اعلان


ٹرمپ کا بھارت کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کا اعلان

امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہم بھارت کو دنیا کے خطرناک ترین ہتھیار دیں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورے پر بھارت پہنچے تو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ، بیٹی اور صدارتی مشیر ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر بھی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور امریکا دہشت گردوں اور ان کے نظریات کے خلاف جنگ میں متحد ہیں، اسی لیے میری حکومت دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے لئے پاکستان کے ساتھ مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں جن میں ترقی ہو رہی ہے، ان کوششوں کی بدولت پاکستان کے ساتھ پیش رفت کے اشارے نظر آنے شروع ہوگئے ہیں، ہم جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم ہونے، استحکام میں اضافے اور مستقبل میں ہم آہنگی کے لئے پر امید ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت اسلامی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اکٹھے ہیں، میری حکومت نے داعش کے خلاف پوری فوجی طاقت سے کارروائی کی جس کے نتیجے میں اس کی خلافت مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور خلیفہ ابوبکر البغدادی کو ہلاک کردیا گیا۔

امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار موجود ہیں اور بھارت کے ساتھ دفاعی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے ہم اسے دنیا کے خطرناک ترین ہتھیار دیں گے، بھارت کی شاندار میزبانی کو ہمیشہ یاد رکھوں گا، ہمارے دلوں میں بھارتیوں کے لیے خصوصی جگہ ہے۔

امریکی صدر نے بھارت کی مذہبی ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہندو، مسلمان، سکھ، جین اور عیسائی اپنے اپنے مذہب کی عبادت کرتے ہیں، آپ ایک قوم کی طرح ہمیشہ مضبوط بن کر رہے، بھارت غیر معمولی طور پر بہت متنوع ملک ہے جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور اس کے عوام بہت معزز اور مضبوط ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری