مسئلہ کشمیرپر ٹرمپ بھارت کی طرف داری کرےگا، رضا ربانی


مسئلہ کشمیرپر ٹرمپ بھارت کی طرف داری کرےگا، رضا ربانی

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ جو ٹرمپ کو ثالث کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں وہ یہ حقیقت بھول رہے ہیں کہ ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا اور انہوں نے ہی اسرائیل کے گولان ہائیٹس پر قبضے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے قانونی قرار دیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے مابین تنازع کے حل کے لیے حالیہ امریکی منصوبے میں فلسطینی عوام کو ان کے تاریخی اور بین الاقوامی حقوق سے محروم کیا گیا اور واضح طور پراسرائیل کی طرف داری کی گئی، کیا حکومت اسی قسم کی ثالثی، کشمیر کے لیے بھی چاہتی ہے؟'۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ڈونلڈ ترمپ کے کشمیر کے مسئلے پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش پر اسلام آباد کے ردعمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جس جوش و جذبے کا اظہار کیا جارہا وہ نہایت غلط ہے کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ واشنگٹن بھارت کی طرف داری کرے گا۔

ڈان اخبار نے خبر دی ہے کہ سینیٹ کے سابق چیئرمین رضا ربانی کا کہنا تھا کہ 'ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کریں گے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ بھارت کی طرف داری کریں گے، بھارت میں ان کے پریس کانفرنسز کا انداز اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ واشنگٹن چاہتا ہے کہ دہلی خطے میں پولیس کا کردار ادا کرے'۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ٹرمپ کے دورے کے دوران انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور قتل و غارت کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ نے منگل کے روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکی صدر نے گزشتہ سال وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے دی گئی اس یقین دہانی کے مطابق مسئلہ کشمیر کو بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ اٹھایا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ 'مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور اس پر عالمی رد عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے، ثالثی کی تازہ پیش کش ہندوستان کے بیانیہ کی نفی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے صدر ٹرمپ کی پریس کانفرنس کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی تھی تاہم انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور عمران خان کو اپنا دوست قرار دیا

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری