ایران میں موجود پاکستانیوں کو وہیں روکا جائے گا: سندھ حکومت


ایران میں موجود پاکستانیوں کو وہیں روکا جائے گا: سندھ حکومت

کراچی: سندھ حکومت نے کہا ہے کہ جو پاکستانی ابھی ایران میں موجود ہیں انھیں وہیں روکا جائے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ گزشتہ روز کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا وائرس سے متعلقہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب کوئی ایران جائے گا نہ ہی واپس آئے گا، جو لوگ ایران گئے ہیں اور ابھی واپس نہیں آئے انھیں وہیں روکا جائے گا۔

اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریپڈ رسپانس کو ایران سے واپس آنے والوں کی فہرست مہیا کی گئی ہے، یہ فہرست ایڈوائزری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے جاری کی ہے۔ اجلاس میں تمام پبلک اینڈ پرائیویٹ مقامات پر سینیٹائزر لگانے کی تجویز بھی دی گئی۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان اور ایران میں براہ راست پروازوں پر تا حکم ثانی پابندی عائد کردی گئی ہے، لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے تمام حصوں سے ایران جانے والی تمام پروازیں بند رہیں گی۔

ایران میں موجود زائرین نے  سندھ حکومت کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئےحکومت پاکستان سے فوری طور پر انہیں اپنےملک منتقل کرنے کے لئے انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستانی شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک بن چکا ہے جو اپنے شہریوں کو قبول کرنے سے گریزاں ہے۔

واضح رہے کہ پاک ایران تفتان گیٹ چھٹے روز بھی مکمل طور پر بند ہے، ایران سے پاکستان آنے اور جانے والوں کی آمد و رفت اور ایمگریشن پر پابندی عائد کی گئی ہے جس کی وجہ سے ایرانی بارڈر پر بڑی تعداد میں پاکستانی پھنس گئے ہیں۔

 

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری