پاکستان کے 4 ایئرپورٹس پر خودکار تھرمل اسکینرز نصب


پاکستان کے 4 ایئرپورٹس پر خودکار تھرمل اسکینرز نصب

کورونا وائرس کی علامات دیکھنے کے لیے اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور کے ایئرپورٹس پر خودکار تھرمل اسکینرز نصب کردیے گئے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ ابتدائی طور پر ایک تھرمل اسکینر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی آئی اے) پر نصب کیا گیا تھا جب کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور کو بھی یہ مشینز فراہم کردی گئیں۔

 پاکستان کے 4ایئرپورٹس پر میڈیکل ٹیمز کو تعینات کردیا گیا تھا جنہوں نے اب تک بین الاقوامی پروازوں سے آنے والے 6 لاکھ سے زائد مسافروں کو اسکین کیا۔

ایئرپورٹس پر نصب کیے گئے تھرمل اسکینرز صحت حکام کو مسافروں کی اسکیننگ کم سے کم وقت میں مکمل کرنے میں مدد دیں گے۔

تمام بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں اور عملے کے افراد کو کورونا وائرس کی علامات دیکھنے کے لیے اسکین کیا جائے گا اور مشتبہ مسافر کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور بعدازاں انہیں مزید علاج کے لیے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حکومت نے 5 جدید اسکینرز کو درآمد کیا تھا، جس میں سے 4 ایئرپورٹس پر نصب کردیے گئے جبکہ ایک اسکینر کو ضرورت پڑنے پر استعمال کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے 4 تصدیق شدہ کیسز کے سامنے آنے کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتوں نے احتیاطی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری