عوام کو مہنگائی میں کمی کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے، پی ٹی آئی حکومت کا دعوی


عوام کو مہنگائی میں کمی کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے، پی ٹی آئی حکومت کا دعوی

تحریک انصاف کی حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کو مہنگائی میں کمی کے فیصلے کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں جبکہ اس مہینے قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق تحریک انصاف نے ملک میں جاری مہنگائی کی شرح میں کمی کا دعوی جبکہ رواں ماہ کے دوران اشیا کی قیمتوں میں مزید کمی ہونے کی توقع ظاہر کی ہے۔

اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ اپنے ٹوئیٹ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عملی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کنزومرپرائس انڈیکس کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کے نرخوں میں نمایاں حد تک کمی آئی ہے۔

فروری کے مہینے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غذائی اشیاء کے ساتھ دوسری اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اس کمی سے عوام براہ راست مستفید ہورہے ہیں۔ ان کے مطابق اس مہینے قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح 14.6 سے کم ہوکر 12.4 فیصد ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تیل، ڈیزل میں5 روپے کمی کے بعد مہنگائی میں کمی ہوگی۔

سینیٹ اجلاس میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال فروری میں برآمدات میں 13.6 فیصد اضافہ ہوا جب کہ پچھلے سال 32 فیصد خسارہ کم ہوا اور رواں برس 70 فیصد کم ہوا۔

حماد اظہر نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان کے پاس صرف 2 ہفتے کے ریزرو رہ گئے تھے، ہماری حکومت نے سخت حالات سے ملک کو نکالا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں اسٹیٹ بینک کے ذخائرمیں 50فیصداضافہ ہوا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری