پاکستان میں کرونا وائرس سے پہلے ذخیرہ اندوز متحرک


اسسٹنٹ کمشنر صدر کراچی اور سندھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسمگل شدہ 50 ہزار ماسک برآمد کر لئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق کراچی کے ایک بس اڈے پر اسسٹنٹ کمشنر صدر کراچی اور سندھ پولیس نے چھاپا مار کر 10 کارٹن میں چھپائے گئے 50 ہزار ماسک برآمد کر لئے ہیں۔

اس زمرے میں ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولیس اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے کہ یہ ماسک کہاں سے اسمگل کر کے کراچی لائے گئے ہیں۔ تاہم ابتدائی  معلومات کے مطابق 50 ہزار ماسک 10 کارٹن میں چھپا کر اندرون ملک سے ہی کراچی اسمگل کئے گئے ہیں جس کا مقصد انہیں ذخیرہ کر کے مہنگے داموں بیچنا ہے۔

پولیس بس سے برآمد شدہ بلٹیوں پر درج فون نمبروں پر رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 

یاد رہے کہ پاکستان میں ماسک کی قیمت کو پر لگ چکے ہیں۔ کراچی اور لاہور سمیت کئی بڑے شہروں میں ماسک کی قلت دیکھی جا رہی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق 15 سے 20 روپے تک بکنے والے ماسک کی قیمت 100 روپے فی ماسک تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ کروناوائرس سے اب تک دنیا بھر میں 3ہزار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں اس مرض کے مرکز ملک چین میں ہوئی ہیں۔