مشہد مقدس میں زائرین کے لئے رہائش اور کھانے کا انتظام
اسلامی جمہوریہ ایران کے شہرمشہد مقدس میں پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے زائرین کے لئے پروازیں بحال ہونے تک رہائش اور کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، قونصلیٹ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت مشہد مقدس میں 230 پاکستانی زائرین موجود ہیں اور انہیں ہوٹل میں رہائش اور کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔
حکومت پاکستان تمام شہریوں کو وطن واپس بھیجنے کا انتظام کررہی ہے۔
واضح رہے کہ تفتان بارڈر پر زائرین کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے بارڈر کو ایک بار پھر بند کردیا گیا ہے۔
جو زائرین مشہد میں ہیں ان کی مدد کے لئے مشہد مقدس میں موجود پاکستانی قونصلیٹ نے انتظامات کا آغاز کردیاہے جو پروازیں بحال ہونے تک جاری رہیں گے۔
تمام پاکستانی شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے قونصلیٹ سے بھرپور تعاون کریں اور ملک کے عزت و وقار کو نقصان پہنچانے والے بیانات سے گریز کریں۔






