مسئلہ کشمیر اور دلی میں مسلم کش فسادات پر او آئی سی کی روائیتی خاموشی پر پاکستانی وزیر خارجہ کا شکوہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے، اس کی اہمیت کل بھی تھی اور آج بھی ہے، جہاں توقعات زیادہ ہوں وہاں ان کے پورا نہ ہونے پرگلہ بھی ہوتا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے، اس کی اہمیت کل بھی تھی اور آج بھی ہے۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر اور بھارت میں مسلم کش فسادات پر او آئی سی کی روائیتی خاموشی پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں توقعات زیادہ ہوں وہاں ان کے پورا نہ ہونے پرگلہ بھی ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر کے ہمراہ نیوز بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال انتہائی نازک ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔ اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی کو سیز فائرکی خلاف ورزیوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے سے آگاہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کی اپنی قراردادیں بھی مقبوضہ کشمیر پرموجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے، اس کی اہمیت کل بھی تھی اور آج بھی ہے، جہاں توقعات زیادہ ہوں وہاں ان کے پورا نہ ہونے پرگلہ بھی ہوتا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ معاملہ اتنا سنجیدہ ہے کہ اس پر وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس بلانا چاہیے، یواین سیکریٹری جنرل نے بھی انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نئی دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، بھارت کے اقدامات سے خطے کے امن کو شدید خطرات ہیں، بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔