او آئی سی کے خصوصی وفد کا ایل او سی کا دورہ
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر یوسف الدوبے کی سربراہی میں چھ رکنی وفد نے لائن آف کنٹرول پر چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سیکریٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے خصوصی وفد نے ایل او سی کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق او آئی سی کے وفد کو ایل او سی کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وفد کے سربراہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر ایمبیسڈر یوسف الدوبئے نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے دو روزہ دورہ پاکستان میں وزیراعظم اور وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ اب ہم ایل او سی پر ہیں اور صورتحال کا خود مشاہدہ کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کی ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی بالخصوص شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں متاثر ہونے والے افراد سے ملاقات بھی ہوئی۔
وفد نے ایل او سی کے دورے کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے، اس کی اہمیت کل بھی تھی اور آج بھی ہے، جہاں توقعات زیادہ ہوں وہاں ان کے پورا نہ ہونے پر گلہ بھی ہوتا ہے۔
وزیر خارجہ نے معاملے کو سنجیدہ گردانتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس پر وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس بلانا چاہیے۔