پاکستان کے معروف کامیڈین امان اللہ انتقال کرگئے، سیاسی حلقوں کی جانب سے اظہار افسوس


پاکستان کے معروف کامیڈین امان اللہ انتقال کرگئے، سیاسی حلقوں کی جانب سے اظہار افسوس

پاکستان میں کامیڈی کی دنیا کے شہنشاہ اور تھیٹر کے بادشاہ امان اللہ 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے جس پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امان اللہ لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں طویل عرصہ سے زیر علاج تھے، وہ گردوں اور پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔ سینئر اداکار سہیل احمد کے مطابق امان اللہ کے بیٹے نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

امان اللہ نے  اسٹیج ڈراموں کے علاوہ ٹی وی ڈراموں ، فلموں اور نیوز چینلز پر چلنے والے مزاحیہ پروگرامز میں شاندار کارکردگی کا لوہا منو

ایا، وہ دوران علالت بھی پھلجھڑیاں چھوڑ کر اپنی شگفتہ مزاجی کا ثبوت دیتے رہے۔

 

 نامور اسٹینڈ اپ کامیڈین کے چاہنے والوں میں صرف عوام ہی نہیں بڑے بڑے اداکار اور فنکار ان کی صلاحیتوں کے گن گاتے ہیں۔ امان اللہ خان مسلسل 860 ڈے اینڈ نائٹ تھیٹر ڈراموں  میں کام کرنے کا منفرد عالمی اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

 

امان اللہ خان کے انتقال پر ملک کی مختلف سیاسی، سماجی اور شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کامیڈی کنگ امان اللہ خان کے انتقال پر گہر ے دکھ اور رنج کااظہارکیاہے۔ وزیراعظم نے امان اللہ کے لئے دعائے مغفرت اور ان کے اہلخانہ کیلئے دعائے صبر کرتے ہوئے کہا کہا کہ مرحوم کامیڈی اور ڈرامے کی صنعت اکانتہائی قیمتی اثاثہ تھے۔  شہباز شریف اور گورنر سندھ نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

معروف اداکار سہیل احمد نے امان اللہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امان اللہ کا انتقال پاکستان کی پرفارمنگ آرٹ فیلڈ کا سب سے بڑا نقصان ہے، وہ ایسے فنکار تھے کہ ان جیسا تاریخ میں کوئی دوسرا نہیں جس نے ان جیسی عوام کی خدمت کی ہو۔ جیسی تفریح انہوں نے فراہم کی وہ اور کسی دوسرے کے ہاں نظر نہیں آتی، یہ بہت بڑے فنکار تھے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ ان کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

یاد رہے کہ امان اللہ جنوری 2018 سےلاہور کے ایک نجی ہسپتال میں  زیر علاج تھے۔ انہیں 2018میں پرائڈ آف پرفارمنس کا صدارتی ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری