ڈی آئی خان؛ ایران سے آنے والے تمام زائرین کلیئرقرار + تصاویر


اسلامی جمہوریہ ایران سے وطن پہنچنے والے158 افراد کی سکریننگ کی گئی تاہم کرونا وائرس کے حوالے سے کوئی مشتبہ کیس سامنے نہیں آیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، کرونا وائرس سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مفتی محمود ہسپتال ڈیرہ میں 20 بستروں پر مشتمل ''ہائی ڈیپیڈنسی یونٹ'' قائم کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چار روز کے دوران 821 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے اور تمام افراد کلیئرقرار دیئے گئے ہیں۔

 تسنیم نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور گردو نواح میں کرونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے تاہم صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مفتی محمود ہسپتال ڈیرہ میں 20 بستروں پر مشتمل ''ہائی ڈیپیڈنسی یونٹ'' قائم کر دیا گیا ہے جس میں  وینٹی لیٹر اور آئیسولیشن سمیت دیگر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

اسکے علاوہ ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ میں بلوچستان سے آنے والے شہریوں کی بھی سکریننگ کی جارہی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران سے آنے والے زائرین میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ پہاڑ پور اور بنوں کے دو شہریوں میں کرونا وائرس کے شبہ پر ان افراد کی مکمل سکریننگ کے بعد ہسپتال سے کلیئر کردیا گیا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، اس وائرس سے بچنے کیلئے ہاتھوں اور منہ کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 سے 13مارچ  کے دوران 5 روزہ خصوصی پولیو مہم چلائی جارہی ہے جس میں او پی وی ٹو ویکیسن بھی پولیو ویکسین کے ساتھ پلائی جائے گی۔

 اس کے علاوہ اس مرتبہ کرونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے ضلع بھر میں پولیو ٹیمیں گھر گھر آگاہی مہم بھی چلائینگی۔