صوبہ سندھ میں بھی جلد لنگر خانوں کا آغاز کیا جائے گا، عمران اسماعیل
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا احساس پروگرام ریاست مدینہ کے قیام کی جا نب ایک اہم قدم ہے جس کا عزم وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کر رکھا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گورنر سندھ نے کہا کہ لنگر خانوں کے ذریعہ ضرورت مند افراد کو کھانا فراہم کرنے میں سیلانی ٹرسٹ کا تعاون قابل تحسین ہے کیونکہ ٹرسٹ کے تعاون سے لنگر خانوں کا دائرہ بتدریج پھیلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے مشیر افضل چامڈیا سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاق کے احساس پروگرام کے تحت سیلانی لنگر خانوں ، صوبہ میں آر او پلانٹس کی تنصیب کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جلد صوبہ سندھ میں بھی لنگر خانوں کا آغاز کیا جائے گا۔
افضل چامڈیا نے گورنر سندھ کو بتایا کہ سیلانی ٹرسٹ صوبہ میں 112 آر او پلانٹس لگانا چاہتا ہے اس کے علاوہ جلد کراچی میں 5 مقامات پر لنگر خانوں کا آغاز کیا جائے گا۔