خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 17 افراد جان کی بازی ہار گئے


خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 17 افراد جان کی بازی ہار گئے

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں بارشوں سے مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تسنیم نیوز کے مطابق، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کے پی کے میں حالیہ بارشوں میں اب تک 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، بارشوں سے مختلف حادثات میں 39 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں میں مجموعی طور پر 59 گھروں کو نقصان پہنچا۔ گھروں کے جزوی انہدام سے متعدد لوگ زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

حادثات میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے بروقت امدادی کارروائیاں کیں، خیال رہے کہ کے پی، پنجاب اور بلوچستان میں چند دن قبل ایک بار پھر تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس میں تین دن قبل آندھی اور طوفان کے سبب شانگلہ اور تورغر کے مابین رابطہ پل بھی ٹوٹ گیا تھا، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا، مسلسل بارش کے باعث مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارشیں برسیں، گزشتہ دنوں کوئٹہ میں بارش کے ساتھ ہلکی برف باری بھی ہوئی، کوہ چلتن، کوہ زرغون پر ہلکی برف باری ہو رہی ہے۔

 

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری