جشن ولادت امام علی علیہ السلام / شہر شہر گلی گلی جشن و چراغاں


امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالب کی ولادت باسعادت کا جشن ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائی مسرت و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، حضرت علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران جشن  و نور میں ڈوبا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور امامبارگاہوں میں جشن مولود کعبہ جاری ہے۔

ایران کی سبھی نجی اور سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کو اس موقع پر بڑی ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔

مولود کعبہ، جانشین پیغمبر، فاتح خیبر و خندق، مولائے متقیان، مولی الموحدین، مولا امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطاب علیہ الصلواۃ و السلام اسلامی تاریخ کی وہ درخشاں ہستی ہیں کہ جن کا کردار ہر اعتبار سے نمایاں اور ممتاز رہا ہے۔

 آپ اس دنیا میں تشریف لائے تو کعبہ میں اور مولود کعبہ کہلائے۔ سب سے پہلے جس ہستی کو دیکھا وہ رسالت مآب (ص) ہی تھے۔ آپ (ص) کے سایہ عاطفت میں ہی گھٹنوں کے بل چلے اور آغوشِ رسالت میں پرورش پا کر بالآخر میدان جہاد کے شہسوار بنے۔

مولودِ کعبہ نے کائنات کی ہرشہ کو اسلام کی ہی روشنی میں دیکھا۔ درسگاہِ نبوی میں تعلیم و تربیت پائی۔ معلم انسانیت جیسا معلم و مربی ملا۔ رہنے کو نبوت کا گھرانہ اور بود و باش کے لئے سرزمینِ وحی ملی۔ قرآنی آیات کی شانِ نزول کے چشم دید گواہ بنے

13رجب کی تاریخ ایک بڑی تاریخ ہے اس دن تاریخ کے اس عظیم المرتبت انسان کی ولادت ہوئی ہے جس کی تعلیمات سے آج بھی بنی نوع بشر بہرہ مند ہو رہی ہے وہ انسان جسکا دل صرف اپنوں ہی کے لئیے نہیں ہر ایک انسان کے لئیے تڑپتا تھا۔