پاک-ایران تجارت 13 روز بعد بحال


پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی سرگرمیاں کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے تحت 13 روز تک بند رہنے کے بعد بحال کردی گئیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق  سینیئر لیویس حکام کا کہنا ہے کہ  لیکوئیفائڈ پیٹرولیم گیس اور دیگر اشیا سے لیس تقریباً 35 بڑے ٹرکوں کو تفتان ڈرائی پورٹ سے پاکستان آنے کی اجازت دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی ڈرائیورز اور کلینرز کو تفتان سرحد آنے پر ان کی اسکریننگ بھی کی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد کو 23 فروری کوبند کردیا تھا۔

چاغی کے ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان نے ڈان کو بتایا کہ ایران سے آنے والے زائرین کو تفتان پر قائم کیے گئے قرنطینہ کے مرکز میں رکھا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ 'ہم زائرین کے رہائش کے لیے سہولیات کے قیام کے لیے روزانہ کام کر رہے ہیں، انہیں کھانا، دوائیں اور دیگر ضروری اشیا دی جاتی ہیں'۔

سرکاری ذرائع کے مطابق 6 ایرانی شہریوں کو تفتان سرحد سے واپس جانے کی اجازت بھی دی گئی۔