ڈیرہ اسماعیل خان؛ شریفاں بی بی تشدد کیس میں گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت خارج
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد یونس خان کی نگرانی میں قائم جینڈر بیسڈ وائلنس کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ شاکر اللہ خان نے مشہور زمانہ شریفاں بی بی تشدد کیس میں گرفتار 8 ملزمان کی ضمانت پر رہائی کی درخواست پر بحث سننے کے بعد درخواست خارج کرنے کے احکامات جاری کردیئے
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ چودھوان کی حدود میں گاوں گرہ مٹ میں دو سال قبل خواتین کے تنازعہ پر شریفاں بی بی نامی خاتون کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
چودھوان پولیس نے سانحہ گرہ مٹ کے مقدمہ میں نو ملزمان کو نامزد کرکے ملزمان ناصر ولد فیضو، شاہجہان ولد احمد، اسلم ولد فیضو، گلستان ولد احمد، رمضان ولد احمد، ثناء اللہ ولد کالو، اکرام ولد ساون اور سید محمد سیدو ولد فیضو سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم سجاول مفرور ہوا۔
مقدمہ کا اہم اور مرکزی ملزم سجاول دو سال تک مسلسل روپوش رہا۔ مذکورہ کیس پشاور ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت تھا جس میں پشاور ہائیکورٹ نے ڈیرہ پولیس کو ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرکے خود پیش کرنے کاحکم جاری کیا۔
دو سال سے روپوش اشتہاری مرکزی ملزم سجاول رضاکارانہ طور پر سابق ڈسٹرکٹ پولیس کے سامنے اپنی گرفتاری پیش کردی۔ مقدمہ میں 354A ت پ کے ساتھ دیگر دفعات 342.148.149 ت پ کو بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق شریفاں بی بی تشدد کیس میں گرفتار دو ملزمان شاہ جہاں اور گلستان جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ کی عدالت میں اپنا اقبال بیان زیر دفعہ 164 ض ف بھی قلمبند کراچکے ہیں جبکہ دیگر ملزمان انکاری ہو ئے ہیں۔






