ایدھی فاؤنڈیشن نے ایران کو 3 کروڑ روپے عطیہ کردیے
کراچی: ایدھی فاؤنڈیشن نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کو تین کروڑ روپے کا امدادی چیک دے دیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اس ضمن میں ایرانی قونصلیٹ میں سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے فیصل ایدھی نے ایرانی ریڈ کریسنٹ کے ذریعے ایران کے قونصل جنرل کو تین کروڑ 15 لاکھ ( دو لاکھ امریکی ڈالر) کا امدادی چیک دیا جس کی رقم کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے خرچ کی جائے گی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے کہا گیا کہ وہ دہائیوں سے بلا امتیاز رنگ و نسل ، مذہب کے انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس وقت پوری دنیا میں کورونا خوف و دہشت کی علامت بنا ہوا ہے۔
دنیا کے بیشتر ممالک اس سے متاثر ہیں، ہزاروں افراد اس وبا کا شکار ہوکر جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں، کورونا وائرس جیسی وبا پر قابو پانے کے لیے ایرانی ریڈ کریسنٹ کے ذریعے ایران کو امداد فراہم کی گئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت ڈبلیو اچ او کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کرونا وائرس پر قابوپانے کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے اور جلد ایران بھرسے کرونا کا خاتمہ ہوگا۔
عالمی ادارہ صحت ڈبلیو اچ او کے وفد نے ایران کے اسپتالوں کا دورہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ ایران کورونا سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ایران، آسانی سے اس وائرس پر کنٹرول حاصل کر لے گا۔
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک ملک میں کورونا کے دوہزار سات سو اکتیس مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کیانوش جہانپور نے صحافیوں کو بتایا کہ ایران میں اب تک کورونا کے 8ہزار42 مریضوں کا پتہ چلا ہے جن میں 291 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔