تعلیمی اداروں کی تعطیلات سے متعلق فیصلہ ایک دو دن میں کرلیں گے
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ سندھ میں اسکولوں سمیت تمام تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ ایک دو دن میں کرلیں گے۔
ایک نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ جب سے پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا اس وقت ہم نے 9 آئسولیشن سینٹر اور 144 بستروں پر مشتمل اسپتال بنالیا تھا، 26 فروری کو پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا اس سے قبل شمالی علاقے میں سامنے آیا تھا جو رپورٹ نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس وقت ٹوٹل سندھ میں 15 کیسز ہیں جن میں سے 8 عراق، شام اور دوحہ سے کراچی آئے جب کہ ایک شخص شاید ایران گیا تھا جس کے حوالے سے کچھ حتمی نہیں کہہ سکتا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ ہمارے پاس 4 کیس ایران کی نسبت ہیں جن میں سے 3 کیس زیادہ تشویشناک ہیں جن کی ٹریول ہسٹری لندن اور دبئی کی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ جیسے ہی ہمیں 26 تاریخ کو کیس کا پتا چلا تو امیگیریشن سے رابطہ کیا، ہمیں بتایا گیا کہ ٹوٹل ایران سے 13836 لوگ آئے تھے جن میں سے 2355 سندھ کے رہائشی تھی اور باقی دیگر علاقوں کے تھے، سندھ حکومت نے ان تمام لوگوں سے فوری رابطہ کیا اور 3 دن میں سب کو کور کرکے انہیں خود ساختہ قرنطینہ میں رکھا، جن جن کو علامات تھیں ان کے ٹیسٹ کیے، اس وقت تک 200 افراد کے ٹیسٹ کرچکے ہیں جن میں سے 15 مثبت آئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہمارے پاس تمام کیسز باہر سے ہیں، ان کیسز میں ایک بھی ایسا کیس نہیں جو کسی متاثرہ شخص سے دوسرے کو لگا ہو، متاثرہ افراد کی ٹریول ہسٹری باہر کی ہے، سیکنڈری کنٹیکٹ والوں کے ٹیسٹ منفی ہیں۔






