کورونا وائرس؛ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تمام تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند
پشاور: کورونا وائرس کے باعث خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تمام تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق خیبرپختونخوا کی کابینہ نے تمام تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 15 دن کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ صوبے میں میٹرک سمیت تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔ صوبے کی تمام سرکاری تقریبات ملتوی کرنے سمیت جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد کردی جب کہ عوام سے سماجی میل جول میں احتیاط برتنے کی بھی اپیل کی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں تمام فیسٹیولز اور سیاسی و پبلک اجتماعات پر بھی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ عوام کو شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کم کرنے کی ہدایت بھی کردی، تاہم طور خم بارڈ ر سے متعلق فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق گلگت بلتستان حکومت نے بھی تمام تعلیمی ادارے اکتیس مارچ تک بند رکھنے کا نوٹفکیشن جاری کرتے ہوئے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت نے بھی تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔