حکومتی سطح پرزائرین کی تذلیل ناقابل برداشت ہے، آئی ایس او
جمعرات کو ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اویس زیدی کا کہنا تھا کہ ہزاروں زائرین کو کئی دن تک ایک جگہ رکھ کر بیمار ہونے کےلئے کیوں چھوڑا گیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنر ل سیکرٹری علی اویس زیدی نے کہا ہےکہ دنیا بھر کے انسان موذی وائرس کا شکار ہورہے ہیں اور ہر ملک میں قومی سطح پر آگاہی مہم اور بحیثیت قوم اس وائرس کا مقابلہ کیا جارہا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں وبائی مرض سے بچاوکی بجائے خوف و ہراس طاری کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کی تذلیل ناقابل برداشت ہے اس لئے پراپیگنڈہ کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
آئی ایس او کے رہنماوں کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی ناقص پالیسی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ نے ہزاروں افراد کی زندگیوں کو موذی مرض میں مبتلا کردیا ہے۔
حکومت زائرین کو فی الفور بنیادی سہولیات فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ملک بھر میں اجتماعی نشستوں کو عارضی طو رپر موخر کردیا ہے ۔