پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کا زائرین سے کوئی تعلق نہیں، ساجد نقوی


پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کا زائرین سے کوئی تعلق نہیں، ساجد نقوی

علامہ ساجد نقوی نے اس تاثرکو سختی سے مسترد کردیا ہے کہ ملک میں کورونا زائرین کی وجہ سے پھیلا،تمام زائرین حکومت کی تحویل میں ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق،ایک کھلی حقیقت ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کا زائرین سے کوئی تعلق نہیں البتہ ایک جگہ زائرین کو رکھنے کی وجہ سے خود زائرین کی بڑی تعداد ضرور اس سے متاثر ہوگئی کیونکہ تفتان سمیت جن جگہوں پر ابتدائی طور پر زائرین کو شفٹ کیا گیا وہاں زائرین کو ایک جگہ رکھا گیا اور مطلوبہ ضروریات بھی نہ ہونے کے برابر تھیں

 علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زائرین سے کورونا نہیں پھیلا، زائرین پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی آج تک حکومتی تحویل میں ہیں، البتہ زائرین کو اکٹھا رکھنے سے ان میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھی، تفتان بارڈر پر سیٹ اپ نہ ہونے کا اعتراف وزیراعظم سمیت خود وفاقی حکومت نے کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، مخیر حضرات آگے بڑھیں، مشکل ترین وقت میں ذمہ داریاں انجام دینے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف کو داد تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومتی وزراء کے بیانات، الیکٹرانک میڈیا میں ہونےوالے پروگرامز اور اخبارات میں شائع ہونیوالے مختلف کالمز، وزیراعظم کی مختلف اوقات میں سینئر صحافیوں سے ہونیوالی گفتگو پر تبصرہ اور مختلف شخصیات سے ٹیلیفونک رابطوں میں ہونیوالی گفتگو کے دوران کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں زائرین کی وجہ سے کورونا نہیں پھیلا کیونکہ وہ پاکستان میں داخل ہوتے ہی حکومتی تحویل میں تھے اور آج تک مختلف قرنطینہ سنٹرز میں موجود ہیں جنہیں صحت مند قرار دیا گیا ہے ان کا بھی مکمل ریکارڈ حکومت کے پاس موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران خود کہاکہ تفتان پر بد انتظامی نہیں بلکہ سیٹ اپ ہی نہیں تھا اور جس جانب ہم متوجہ کررہے تھے اس کی وضاحت خود ان کے اپنے الفاظ سے ہوگئی۔

مختلف شخصیات سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی اس عالمی چیلنج سے نمٹ رہاہے جس نے دیگر دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے اس مشکل وقت میں عوام کو چاہیے کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں جبکہ مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ اس موقع پر قوم کی خدمت کےلئے آگے بڑھیں، امید ہے جلد عالم انسانیت سمیت پاکستان اس وباسے چھٹکارا پالے گا۔

 انہوں نے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والے معالجین اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی داد تحسین پیش کی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری