چین؛ جنگلات سے آگ بجھانے کی کوشش میں 19 افراد ہلاک
چین کے جنگلات میں خوفناک آگ بجھانے کی کوشش کرنے والے 19اہلکارجان کی بازی ہارگئے
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق چین کے جنگلات میں خوفناک آگ بجھانے کے دوران اچانک ہوا کا رخ تبدیل ہونے پر فائر بریگیڈ کے اہلکار شعلوں کے زد میں آ گئے اور بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
چین کے صوبے سیچووان کے جنگلات میں آگ بھڑک اُٹھی تھی جسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ مصروف تھا کہ اس دوران اچانک ہوا نے رخ تبدیل کرلیا جس کے وجہ سے آگے کے شعلے اہلکاروں کے گرد پھیل گئے۔ اہلکاروں کی خود کو بچانے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔
فائر بریگیڈ کا مزید عملہ اپنے ساتھیوں کو بچانے پہنچا لیکن تب تک آگ کے بلند و بالا شعلوں میں گھرے 19 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور محکمہ جنگلات کے ’گائیڈز‘ بھی شامل ہیں۔
ترجمان فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ جنگلات کے قریب واقع فارم ہاؤس میں معمولی آگ لگی تھی جو تیز ہوا کے ساتھ ساتھ جنگلات تک پہنچی اور دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کے ایک بڑے حصے کو اپنے لپیٹ میں لے لیا جس پر فائر بریگیڈ کی ایک ٹیم کو بھیجا گیا تھا۔
علاقے میں موجود گاؤں، اسکولز اور کیمیکل پلانٹ خطرے کی زد میں ہیں۔بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ کے سبب مرنے والوں میں ایک گائیڈ اور باقی فائر فائٹرز ہیں، حکام نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کے لیے مزید 700 اہلکار متاثرہ علاقے میں بھیج دیئے ہیں۔
یاد رہے رواں برس جنوری میں آسٹریلیا کے جنگلات میں بھی بڑے پیمانے پر آگ لگی تھی جس میں درجنوں افراد ہلاک اور سینکڑوں گھر تباہ ہو گئے تھے۔