تعلیم گھر؛ اب اسکول آپ کی دہلیز پر


تعلیم گھر؛ اب اسکول آپ کی دہلیز پر

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث تعلیم گھر کے نام سے روز صبح  8 بجے سے  ایک بجے تک کیبل ٹی وی کے ذریعے تعلیمی سلسلہ شروع کردیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب ملک بھر میں ناصرف لاک ڈاؤن جاری ہے بلکہ اس میں 14 اپریل تک اضافہ بھی کر دیا گیا ہے لہذا دیگر کئی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تمام تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔
اس وقت ملک کے اکثر علاقوں میں نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے دن ہیں تاہم لاک ڈاؤن کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی ماند پڑگئی ہیں۔
اگرچہ آن لائن ایجوکیشن سے ملک میں تعلیمی سلسلہ بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن اس سے کوئی مطمئن ہے تو کوئی نئے جھنجٹ میں پھنس گیا ہے۔ دور دراز علاقوں میں رہنے والوں کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہ ہونے کے سبب آن لائن کلاسز سے محروم ہونے کی شکایت ہے۔
اس حوالے سے حکومت پنجاب  نے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لیے بڑا اہم قدم اٹھایا ہے اور یکم اپریل سے پہلی جماعت سے 8 ویں تک کے طلبہ کو گھر بیٹھے تعلیم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
کیبل ٹی وی چینل کے ذریعے صبح 8 بجے سے ایک بجے تک بچوں کو گھر میں ہی تعلیم دی جائے گی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سےلیکچرز نشر کیے جائیں گے۔
 آن لائن لیکچرز کے ذریعےطالب علموں کو ہوم ورک بھی دیا جائےگا اور ہوم ورک کی بنیاد پرطالب علموں کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ بچوں کو معیاری تعلیم کی گھر پر فراہمی اور کورونا وائرس کے باعث ہونے والے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ’تعلیم گھر‘ کے نام سے کیبل چینل بھی لانچ کیا گیا ہے۔
 اس چینل کی ویڈیوز کو کیبل کے علاوہ یوٹیوب اور ویب سائٹ پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
صوبائی حکومت کے اس قدم کو عوام قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری