پاکستان سے کینیڈین شہریوں کی واپسی کا آغاز


پاکستان سے کینیڈین شہریوں کی واپسی کا آغاز

کینیڈا کے 600 شہری لاہوراور کراچی کے ائیرپورٹ سے خصوصی طیاروں پر روانہ ہوئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان سے کینیڈین شہریوں کی واپسی کا آغاز ہو گیا ہے۔ کرچی سے پرواز پی کے 781 جب کہ لاہور سے پی کے 789 کینیڈا کیلئے روانہ ہوئی۔ دونوں پروازوں سے مجموعی طور پر 600 افراد کینیڈا کے لئے روانہ ہوئے۔
روانگی سے قبل مسافروں کی جامع اسکریننگ اور سامان کو ڈس انفیکٹ کیا گیا اور اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ تمام مسافرین ماسک پہنے ہوئے ہوں۔ تمام مسافروں کی اسکرینگ اور ڈس انفیکشن پی ائی اے عملے نے بہت مستعدی سے کی۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے بتایا کہ پروازوں کی مانیٹرنگ کیلئے پی آئی اے کی اعلیٰ انتظامیہ خود ائیر پورٹ پر موجود تھی اور دونوں خصوصی پروازوں کو گزشتہ روز اڑان کے لیے اجازت ملی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کینیڈا سے دونوں پروازیں خالی آئیں گی۔ دیگر پروازوں کی بکنگ کیلئے پی آئی اے کے دفاتر اور کال سنٹر سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
عبداللہ خان نے بتایا کہ کرونا سے احتیاط کے تناظر میں لوگ ان لائن بکنگ اور ٹکٹنگ کو ترجیح دیں تاکہ ہجوم سے بچا جا سکے۔
اسی طرح فیصلہ کیا گیا ہے کہ 11 اپریل تک 17 پروازوں کے ذریعے 2 ہزار پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ چار اپریل کو ایک پرواز چلے گی۔ تمام پروازیں ایک ساتھ بحال نہیں کی جائیں گی۔ 4اپریل کو بیرون ملک سے ایک پرواز اسلام آباد میں آئے گی، اسلام آباد آنے والے مسافروں کو شہرکے دیگرعلاقوں میں بھجوانے کا انتظام کیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پرواز کے تمام مسافروں کو ایئرپورٹ پرقرنطینہ میں رکھ کرٹیسٹ کیا جائیگا۔ مسافروں کے ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں جانے دیا جائے گا۔ کراچی میں بھی کچھ وقت بعد پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری