ترکی کے 31 شہروں میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر ترکی نے اپنے 31 شہروں میں دو دن کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ترک حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے 31 شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
ترک وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت انقرہ اور استنبول سمیت ان شہروں میں رہنے تمام افراد کو جمعے کی رات سے اپنے گھروں میں ہی رہنا ہوگا۔
یاد رہے کہ ترکی میں کورونا وائرس سے اب تک 1006 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 47029 ہے۔
دوسری طرف ترک وزارت صحت نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 98 نئی اموات سے تعداد 1006 ہو گئی، جبکہ 2423 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ مریضوں کی کل تعداد 47029 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4747 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 16 لاکھ اور ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ برطانیہ میں ایک دن میں 980 ہلاکتوں کا اضافہ ہوا ہے۔






