گلگت؛ وزیر اعلٰی اور وزراء میں ہم آہنگی کا فقدان ہے، محمد شفیع


قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلٰی اور وزراء میں ہم آہنگی کا فقدان ہے۔

قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن(ر) محمد شفیع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال کا استعفیٰ وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن کیلئے آئینہ ہے۔
لاک ڈاﺅن میں نرمی کے حوالے سے فیصلہ ایپکس کمیٹی نے ہی کرنا تھا تو وزیر اعلٰی نے کیبینٹ کمیٹی کیوں بنائی تھی اگر وزیر اعلٰی کیبینٹ کمیٹی کے سفارشات پر عملدرآمد نہیں کر واسکتے تھے تو اپنے وزراءکے ذریعے پریس کانفرنس کیوں کروایا؟ اس سارے معاملے میں وزیر اعلی ہی ملوث دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ  ڈاکٹر اقبال کے ہمراہ جتنے بھی وزراءپریس کانفرنس میں موجود تھے سب کو استعفی دینا چاہیے کیبینٹ کمیٹی کے سفارشات کو پریس کانفرنس کرکے پبلک کرانے کے بعد عملدرآمد نہ ہونا عوامی نمائندوں کی توہین ہے اور یہ عوامی نمائندوں کی توہین وزیر اعلیٰ نے ہی کروایا ہے.
 وزیر اعلٰی اپنے وزراءکے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کروا سکتے ہیں تو وہ بھی مستعفی ہو جائیں اس سارے واقعے سے یہ بات عیاں ہو گئی ہے کہ وزیر اعلٰی اور وزراء میں ہم آہنگی کا فقدان ہے جس کی وجہ سے آئے روز ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں اور عوامی مینڈیٹ کی  تذلیل ہوتی ہے۔