اسپیکر قومی اسمبلی اور گورنر سندھ نے کورونا کو شکست دے دی
پاکستان کی قومی قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے اور ان کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔
خیال رہے کہ اسد قیصر اور ان کے دو بچوں میں 30 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اسد قیصر نے کہا کہ الحمداللہ، میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے اور میرے بچوں کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے بچوں کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے والے افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس سے قبل بھی ایک ٹوئٹ میں اپنی طبیعت میں بہتری اور ہسپتال سے گھر منتقلی کی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ 'اللہ پاک کے فضل و کرم اور خصوصی دعاؤں سے میں ہسپتال سے گھر منتقل ہو چکا ہوں، پوری قوم کی نیک تمناؤں پر شکر گزار ہوں، پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں اور انشااللہ جلد مکمل صحت یاب ہو جاؤں گا'۔
یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی میں گزشتہ ماہ 30 اپریل کو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں تھے جبکہ چند دن قبل انہیں علاج کے لیے ہسپتال میں بھی داخل کرایا گیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی تھی۔
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عمران اسمٰعیل نے کہا کہ 'مجھے میرے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مل گئی ہے جس میں نتیجہ منفی آیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری صحت کے لیے دعا کی، میں جلد خون کا پلازمہ عطیہ کروں گا تاکہ وہ کسی ضرورت مند کے کام آسکے۔'
واضح رہے کہ عمران اسمٰعیل میں 27 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔