پاکستان میں کورنا وائرس کی تازہ ترین صورتحال، 14ہزار سے زائد صحتیاب


پاکستان میں کورنا وائرس کی تازہ ترین صورتحال، 14ہزار سے زائد صحتیاب

پاکستان میں جس طرح کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا اسی طرح صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، نئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں ایک ہزار 54 نئے لوگوں کا اضافہ ہوا۔

جس کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 13 ہزار 101 سے بڑھ کر 14 ہزار 155 ہوگئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اچانک کورونا وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 2 روز میں تقریباً 100 کیسز یومیہ رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج بھی اسلام آباد میں مزید 97 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی۔

ان نئے کیسز کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز 1138 سے بڑھ کر 1235 ہوگئے جبکہ ایک موت کے اضافے سے مجموعی اموات 10 تک جاپہنچیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت میں کورونا وبا کے 23 نئے مریض سامنے آئے، جس کے ساتھ ہی وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 556 سے بڑھ کر 579 ہوگئی۔

ادھر آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے کیسز اچانک بڑھ گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں مزید 15 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 133 سے بڑھ کر 148 ہوگئی ہے۔

ملک کی مجموعی صورتحال

اگر ملک کی مجموعی صورتحال کو ایک نظر میں دیکھیں تو اس وقت مصدقہ کیسز 47 ہزار 394 ہیں جس میں سے 1010 انتقال کرچکے ہیں اور 14 ہزار 155 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 32 ہزار 229 فعال کیسز موجود ہیں۔

سندھ اس وقت سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے اور وہاں کیسز 18 ہزار 964 ہیں جبکہ اس کے بعد پنجاب میں 16 ہزار 685 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 815 ہے جبکہ بلوچستان میں 2 ہزار 968 لوگ وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک ایک ہزار 235 متاثرین ہے جبکہ گلگت میں 579 اور آزاد کشمیر میں 148 لوگوں کو وبا نے متاثر کیا ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

خیبرپختونخوا: 351

سندھ: 316

پنجاب: 290

بلوچستان: 38

اسلام آباد: 10

گلگت بلتستان: 04

آزاد کشمیر: 01

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری