شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز11جون کو طلب


شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز11جون کو طلب

رمضان شوگر مل کیس میں احتساب عدالت نے ملزمان شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے11جون کو طلب کیا ہے، متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کردی گئی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی طلبی کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا، احتساب عدالت نے 3صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کی عدم پیشی کے باعث فرد جرم کی کارروائی بہت عرصے سے التوا کا شکار ہے، ملزم حمزہ شہباز کو آج بھی حفاظتی اقدامات کے باعث پیش نہیں کیا گیا۔

عدالت ٓنے حکم جاری کیا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو ہرصورت میں پیش کریں، عدالتی احکامات پر عمل نہ کیا گیا تو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔

احتساب عدالت کے فیصلے میں متنبہ کیا گیا ہے کہ ملزم شہباز شریف بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، شہباز شریف فرد جرم کی کارروائی کے لیے 11 جون کو ہرصورت پیش ہوں۔

 

خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر پہلے بھی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے تاہم دونوں کی جانب سے صحت جرم کے انکار پر عدالت نے گواہان کو طلب کیا تھا۔

نیب ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رمضان شوگر ملز کے لیے 10 کلو میٹر طویل غیر قانونی نالہ تیار کیا گیا، شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا، جس کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری