اسلام آباد ایئرپورٹ کے روٹ پر جدید الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی
ذرائع کے مطابق پشاور موڑ سے اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس سروس کا ماڈل تیار کرلیا گیا، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے منصوبے سے متعلق تجاویز حکومت کو ارسال کردیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، منصوبے کی منظوری کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ کے روٹ پر 30جدید الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جس کے آپریشن اور مرمت کے کام نجی کمپنیوں کو دیے جائیں گے۔
میٹرو بسیں چلنے کے بعد روزانہ 10ہزار سے زائد افراد پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک سفر کرسکیں گے، منصوبے کے تحت پشاور موڑ سے اسلام آباد ایئرپورٹ تک مسافروں کو 40روپے میں جدید بس کی سستی سواری میسر ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق منصوبے پر وفاقی حکومت 273ملین روپے سالانہ سبسڈی بھی دے گی تاکہ مسافروں کو باآسانی اور سہولت کے ساتھ ایئرپورٹ پہنچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر کو دو سال کا عرصہ گزر چکا ہے، ایئرپورٹ تک تاحال کوئی پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔






