پاکستان کے مختلف شہروں میں پٹرول کی قلت، شہری پریشان


پاکستان کے دوسرے بڑے شہرلاہور سمیت مختلف شہروں میں پیٹرول کی شدید قلت ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، لاہور میں جاری پٹرول کی قلت میں ایک سے دولاکھ لٹرکا مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ یومیہ نو سے گیارہ لاکھ لٹر تک پہنچ جانے والی قلت نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دیں، ادھر کراچی میں بھی پیٹرول نایاب ہو گیا۔

لاہور کی سوا کروڑ کی آبادی کے لیے شہر بھر میں 350 پٹرول پمپ قائم ہیں جن سے یومیہ اوسطاً 30 لاکھ لٹر پٹرول فروخت ہوتا ہے۔ لیکن یکم جون سے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے بیشتر پمپس پر پٹرول کی جاری قلت میں مزید اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔

ادھرکراچی کے سو سے زائد پیٹرول پمپس پر اسٹاک ختم ہونے کے بعد شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

لاہور میں پی ایس او کے پاس پٹرول وافر مقدار میں موجود ہے۔لیکن 20 پرائیویٹ کمپنیوں کے 220 پٹرول پمپس میں سے بیشتر پر پٹرول دستیاب نہیں۔ جس کے باعث شہریوں کو پٹرول کی دستیابی کے لیے جوکھم اُٹھانا پڑ رہا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ تاہم حکام کے مطابق صورت حال میں بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔