کراچی؛ گرین لائن منصوبہ، بسوں کی خریداری کیلئے معاہدہ
گرین لائن منصوبہ کی بسوں کی خریداری کے لئے سندھ حکومت نے فیسیلیٹیشن معاہدہ پر دستخط کردیئے ہیں ،یہ بات گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں SIDCL اور KTC کا اجلاس منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی۔
اجلاس میں رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، گورنرسندھ کے مشیر امید علی جونیجو ، SIDCL کے بورڈ ممبر عدنان اصدر نے شرکت کی۔
اجلاس میں گرین لائن منصوبہ ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لئے فائر ٹینڈرز کی فراہمی سمیت کراچی ، حیدرآباد اور دیگر شہروں کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق حکام نے گورنرسندھ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
متعلقہ حکام نے گورنرسندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گرین لائن منصوبہ کی بسوں کی خریداری کے لئے سندھ حکومت نے فیسیلیٹیشن معاہدہ پر دستخط کردیئے ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لئے فائر ٹینڈرز کی فراہمی امسال دسمبر تک متوقع ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی ، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جارہے ہیں۔ گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہر شہر کی ضروریات کے مطابق منصوبے تشکیل دیئے جائیں اور تشکیل کردہ منصوبے مقررہ وقت پر ہی مکمل کئے جائیں۔






