سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، مزید درجنوں جان کی بازی ہار گئے
سعودی ذرائع کا کہنا ہے کہ دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کورونا سے مزید 36 افراد جان کی بازی ہارگئے ہیں
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 942 تک پہنچ چکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 36 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 893 ہو گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 3 ہزار 921 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق اس وقت کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد 38 ہزار سے زائد ہے جن میں سے ایک ہزار 820 مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ کورونا میں مبتلا 81 ہزار سے زائد افراد وبائی مرض کو شکست دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں میں 3 پاکستانی ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جو کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 77 لاکھ 32 ہزار 485 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعد 39 لاکھ 56 ہزار سے زائد ہے۔ دنیا بھرمیں کورونا سے متاثرہ 53 ہزار 887 افراد کی حالت تشویشناک جبکہ 32 لاکھ 94 ہزار 90 افراد کی حالت تسلی بخش ہے۔
امریکہ اس وقت کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں اول نمبر پر ہے جہاں کورونا سب اب تک جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور 21 لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔
برازیل امریکا کے بعد 8 لاکھ سے زائد کورونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 104 افراد موت کا شکار ہوئے۔
برازیل میں کیسز کی تعداد 8 لاکھ 29 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 41 ہزار نو سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔






