سندھ حکومت کا کرونا سے نمٹنے کے لیے 24ارب مختص کرنے کا اعلان


سندھ حکومت کا کرونا سے نمٹنے کے لیے 24ارب مختص کرنے کا اعلان

مراد علی شاہ نے بتایا کہ کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کے لیے فنڈ رکھا گیا ہے، مہلک وبا کے لیے 3 ارب روپے کا ایمرجنسی فنڈ رکھا گیا ہے،اس کے علاوہ ہیلتھ رسک الاؤنس ایک ارب روپے رکھاگیا ہے۔

کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کرونا سے متاثرہ افراد کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے 20 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مالی سال 21-2020 کے لیے 12 کھرب 40 ارب کا مالی بجٹ پیش کر دیا ہے۔

سندھ حکومت نے آئندہ مالی سال 2020-21 کے لیے 12 کھرب 40 ارب کا بجٹ اسمبلی میں پیش کر دیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بجٹ پیش کیا اس موقع پر اپوزیشن اراکین نے شورشرابہ اور نعرے بازی کی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی سربراہی میں جاری اجلاس میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں 8ویں بار بجٹ پیش کر رہا ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس اور ٹڈی دل کے باعث صوبہ مشکلات سے دوچار ہے، اور یہی وجہ ہے کہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے بجٹ کی تقریر کے آغاز میں کہا کہ ہمیں اس موقع پر کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

ترقیاتی اسکیموں کے لیے 23.5 ارب روپے مختص

وزیراعلیٰ سندھ کا تقریر کے دوران کہنا تھا کہ بجٹ میں آمدنی کے اخراجات 139.1 ارب روپے رکھےگئے ہیں، ترقیاتی اسکیموں کے لیے 23.5 ارب روپے مختص کیےگئے ہیں۔

شعبہ صحت کے لیے 139 ارب 17 کروڑ روپے مختص

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے محکمہ صحت کا بجٹ ہیلتھ سروسز اور میڈیکل ایجوکیشن میں تقسیم کیا گیا ہے، مالی سال 20-2019 میں محکمہ صحت کے بجٹ کا تخمینہ 120 ارب 48 کروڑ 60 لاکھ روپے تھا جو آئندہ مالی سال21-2020 میں بڑھا کر 139 ارب 17 کروڑ 80 لاکھ روپے کر دیا گیا۔

تعلیم کے لیے بجٹ

مراد علی شاہ نے کہا تعلیم کے شعبت کا بجٹ مالی سال 20-2019 کے 212 ارب 40 کروڑ روپے سے بڑھا کر آئندہ مالی سال کے لیے 242 ارب 50 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

وزیراعلیٰ سندھ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں5 سے10 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی محکومت نے ملازمین کے لیے 1ارب 70کروڑ روپے رکھے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گریڈ17 سے 18 کے پوسٹ گریجویٹ اور ہاؤس جاب افسران کو بنیادی تنخواہ مارچ 2020 سے کرونا کے خاتمے تک دی جائے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری